افغانستان: طالبان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد حملے، 28 سیکیورٹی اہلکار ہلاک
عسکریت پسندوں نے افغان صوبے قندھار، ہلمند اور فریاب میں سیکیورٹی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا جس کے باعث درجنوں اہلکار مارے گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں سیکیورٹی اہکاروں نے جوابی کارروائی کی جس کے باعث متعدد جنگجوؤں کی بھی ہلاکتیں ہوئیں۔ حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ ہلاکتیں افغان صوبے فریاب میں ہوئیں، سیکیورٹی تنصیب پر حملےمیں 22 اہلکار مارئے گئے، جبکہ چار اہلکاروں کو طالبان نے اغوا بھی کرلیا۔ دوسری جانب صوبہ قندھار میں چار سیکیورٹی اہلکار مارے گئے، جبکہ ہلمند میں طالبان نے دو اہلکاروں کو نشانہ بنایا، حکام نے تمام ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے علاقوں کو کلیئر قرار دیا ہے۔ خیال رہے کہ ایک جانب طالبان اور امریکا مذاکرات کی میز پر ہیں تو دوسری جانب شدت پسند کارروائیاں بھی جاری ہیں، حالیہ مذاکراتی دور کے دوران ہی درجنوں افراد مارے جاچکے ہیں۔