ایران: سپریم لیڈر کی توہین، امریکی فوجی کو 10 سال قید
ایران کی ایک انقلاب عدالت نے امریکی نیوی کے ایک اہلکار کو سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نجی نوعیت کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرکے ان کی توہین کا مرتکب قرار دیاتے ہوئے اسے 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق امریکی فوجی مائیکل وائیٹ کے خاندان کے وکیل نے ایک بیان میں کہا کہ ان کے موکل پرعاید کردہ الزام مبہم اور مشکوک ہے۔ سابق امریکی فوجی کے خلاف عدالت میں جس الزام کے تحت مقدمہ چلایا گیا وہ سپریم لیڈر کی ایک تصویر شائع کرنا تھا جس میں سپریم لیڈر کو ایک خاتون کے قریب بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔وکیل مارک زیڈ نے کہا کہ ان کے موکل 46 سالہ مائیکل وائیٹ کو ایرانی عدالت کی طرف سے دو الگ الگ سماعتوں چھ اور نو مارچ کو سزا سنائی گئی تاہم اس کی مزید تفصیلات ایرانی میڈیا پر بھی شائع نہیں ہوئیں۔خیال رہے کہ مائیکل وائیٹ کو گذشتہ برس جولائی میں ایران کے شہر مشہد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ اپنی گرل فرینڈ سے ملنے مشہد آئے تھے۔