کورونا وائرس کا اگلا گڑھ بھارت ہوسکتا ہے۔ انڈیا کونسل آف میڈیکل ریسرچ
انڈیا کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے ڈائریکٹر جنرل بلرام بھارگوا نے کہا کہ ہندوستان کوروناو ائرس وبا کے دوسرے مرحلہ میں ہے۔انہوں نے کہ وباءکے چار مرحلے ہوتے ہیں۔ تیسرے مرحلہ کا آغازوائرس کی سماج میں منتقلی سے ہوتا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ایسا نہیں ہوگا۔ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ ہم کس طرح کی حکمت عملی اختیار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلہ میں وہ حالات پیداہوسکتے ہیں جو ایران اور اٹلی میں دیکھے جاسکتے ہیں جبکہ چوتھا مرحلہ وہ ہے جس سے چین گذررہا ہے۔انڈیا کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے اپنی رپور ٹ میں خبردار کیا ہے کہ ہندوستان کورونا وائرس کا اگلا گڑھ ہوسکتا ہے۔ڈاکٹر سری کانت ریڈی نے بتایا کہ ہم عوام کو فاصلہ رکھنے کا مشورہ دے رہے ہیں لیکن اس مشورہ پر شہری طبقہ ہی عمل کرپارہا ہے جبکہ دیہی علاقوں میں اس پر عمل نہیں ہورہا ۔ بلرام بھارگوا نے ملک کی تمام نجی لیبارٹری مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ لیب ٹیسٹ مفتکریں،بھارت میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد141 ہوچکی ہے جبکہ تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے مشتبہ متاثرین کی تعداد 5,700ہے اور 52,000افراد کو نگہداشت میں رکھا گیاہے۔