استعفے خود پی ڈی ایم کیلئے ڈراؤنا خواب بن گئے۔ہمایوں اخترخان
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ استعفے خود پی ڈی ایم کیلئے ڈراؤنا خواب بن گئے ہیں اور یہ کبھی استعفے نہیں دیں گے،پی ڈی ایم کا آدھا تیتر آدھابٹیروالا حال ہے اور یہ ایک دوسرے سے ہتھیانے کے چکر میں ہیں، معیشت میں بہتری کے اشاریے بھی ماضی کے نام نہاد تجربہ کاروں کے سینے پر مونگ دھل رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی نہ کسی شکل میں 6دہائیوں سے جبکہ مسلم لیگ (ن)بھی کم و بیش 40سال اقتدار میں رہی اورحیرت ہے کہ جس حکومت کو آئے ہوئے ڈھائی سے تین سال ہوئے ہیں اسے ناکام قراردیا جارہاہے،جوکئی دہائیوں سے ناکام چلے آرہے ہیں دوبارہ ان کو حکومت دیدی جائے؟، ہمیں جو آئینی مدت ملی ہے وہ پوری کریں گے،پھر ڈٹ کر انتخابات لڑیں گے اور عوام بہترین منصف ہیں ان کا فیصلہ سب کو قبول کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اب قصہ پارینہ بن گئی ہے اور اب اس بحث کو چھوڑ کر آگے کی بات کی جائے۔ حکومت کی آج بھی پیشکش موجود ہے کہ اپوزیشن آئے اور انتخابی نظام کی شفافیت کیلئے اصلاحات کیلئے ہمارے ساتھ بیٹھے لیکن اسے اپنی قیادت کے لئے این آر او مانگنے سے مشروط نہیں کرنا چا ہیے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان منجھے ہوئے سیاستدان ہیں لیکن ان کے ساتھ دوبار ہاتھ ہو چکا ہے، وہ ناکامی کو بارباردہرائیں گے تو بھی اس کانتیجہ کامیابی کی صورت میں ہرگز نہیں نکلے گا۔