کراچی میں خاتون سمیت دو افراد کا لرزہ خیز قتل

اورنگی ٹائون میں خاتون سمیت دو افراد کا قتل نیا رخ اختیار کرگیا ہے، قتل کیس میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔پولیس کے مطابق رات گئے اورنگی ٹائون کے علاقے خیرآباد میں گھر سے خاتون اور مرد کی لاشیں ملی تھیں، مقتولین کو تشدد کے بعد تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کیا اور قتل کے محرکات جاننے کے لئے تفتیش کا آغاز کیا۔پولیس نے قتل کے محرکات جاننے کے لئے متاثرہ گھر کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور مقیم افراد سے پوچھ گچھ کی تو سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے۔اورنگی ٹائون پولیس نے اپنے بیان میں بتایا کہ چار بھائیوں نے گھر کی خواتین کے ساتھ مل کر اپنی بہن سمیت دو افراد کو قتل کیا، خاتون کو بھائیوں اور بھابیوں نے گھر میں قتل کیا جبکہ مرد کو مقتولہ کے بھائیوں نے اس کے گھر کے دروازے پر قتل کیا۔پولیس کے مطابق مقتولہ کی بھابیوں نے ثبوت مٹانے کیلئے فرش دھو ڈالا، مقتول خاتون شادی شدہ ہیں، ان کا شوہر سعودی عرب میں مقیم ہے ، قتل ہونے والے مرد اور خاتون کا آپس میں رشتہ بھی تھا۔