نیب نے مریم نواز کو ایک اور کیس میں طلبی کا نوٹس بھیج دیا
قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو اراضی کی مبینہ غیر قانونی منتقلی سے متعلق کیس میں تحقیقات کے لیے طلب کرلیا۔مریم نواز کو جاتی امرا میں تقریباً 1480 کنال اراضی کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کی تحقیقات کے لیے 26 مارچ کو طلب کیا ہے۔نیب کا کہنا ہے کہ 2013 میں شریف خاندان نے کم و بیش ساڑھے 3 ہزار کنال اراضی انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے حاصل کی۔
ادارے نے کہا کہ 2015 میں اس وقت کے ڈی سی او نورالامین مینگل اور لہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) احد خان چیمہ و دیگر کی مبینہ ملی بھگت سے لاہور کا ماسٹر پلان ہی تبدیل کروا دیا گیا، جبکہ شریف خاندان کی انتظامیہ سے ملی بھگت سے جاتی امرا میں ہزاروں کنال اراضی کو گرین لینڈ ایریا ڈکلیئر کروایا گیا۔نیب لاہور کے جاری کردہ نوٹس میں مریم نواز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پیشی کے لیے تمام مطلوبہ ریکارڈ اپنے ہمراہ لائیں۔