مستقبل میں کسی بھی چیلنج سےنمٹنے کے لئے ہر وقت تیارہیں: آرمی چیف
آئی ایس پی آرکے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نےکھاریاں چھائونی کا دورہ کیا جہاں انہوں نےچوتھی فیزیکل ایبلٹی اورکم بیک ایفیشنسی سسٹم کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کےنئےفیزیکل سٹینڈرڈ پراعتماد کا اظہارکرتےہوئے کہا کہ جدید جنگوں کے ماحول میں جسمانی فٹنس اہمیت کی حامل ہے،انسداد دہشتگردی کیخلاف آپریشنز میں جوانوں کی انفرادی جسمانی صلاحیت کامیابی کے لئے ضروری ہے۔ امن کےدورمیں بھی سخت ٹریننگ جاری رکھنی چاہیے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف حالیہ آپریشن میں ہماری کارکردگی شاندار ہے۔ مشکل حالات میں مشکل علاقوں کو دہشتگردوں سے پاک کیا ہے۔ ان آپریشنز کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان آرمی کو سراہا جاتا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ مستقبل میں بھی کسی بھی چیلنج سےنمٹنے کے لئے ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔ بعد ازاں آرمی چیف نےچیمپئن شپ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنےوالوں میں انعامات بھی تقسیم کئے،بہترین کھلاڑی نائیک محمد متین قرار پائے۔ جبکہ سپاہی حافظ اللہ داد، نائیک محمد متین،گنرسکندر حیات ،سپاہی نوید اشرف اور نائیک قاسم نےاپنےشعبوں میں پہلی پوزیشنزحاصل کیں۔