قبائلی اضلاع کا نیا نظام قبائلیوں کے رہن سہن اور روایات سے متصادم نہیں ہو گا: عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبائلی مشران کی بدولت ملک میں امن وامان قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔قبائلی اضلاع کا نیا نظام قبائلیوں کے رہن سہن اور روایات سے متصادم نہیں ہو گا ۔کوشش ہے کہ نئے نظام سے قبائلی روایات اور طرز زندگی متاثر نہ ہو ۔وزیراعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہائوس میں ضلع خیبر کے قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور پہنچے ۔وزیراعلیٰ محمود خان اور گورنر شاہ فرمان نے ان کا استقبال کیا ۔عمران خان اور وزیراعلیٰ محمود خان کے درمیان ملاقا ت میں قبائلی اضلاع کی ترقی اور بلدیاتی انتخابات پر گفتگو ہوئی جس میں گورنر شاہ فرمان بھی شامل تھے ۔وزیراعظم کے ساتھ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک بھی موجود تھے ۔وزیراعظم نے گورنرہائوس میں ضلع خیبر کے قبائلی جرگے سے خطاب کیا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ نئے نظام سے ان کے مسائل حل ہوں گے ۔حکومت کو مشکلات کا سامنا ہے تاہم حکومت بہت جلد ان مشکلات پر قابو پا لے گی ۔جس طرح کے حالا ت موجودہ حکومت کو ملے ہیں اس میں بہت کام کرنا ہے ۔قبائلی عوام کی بحالی اور صوبائی و قومی اسمبلی میں ان کی نمائندگی اور انہیں ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔خود قبائلی رسم و رواج سے آگاہ ہونے کی وجہ سے حکومت کو وہ تمام اقداما ت اٹھائے گی جس سے قبائلی علاقوں میں ترقی کا آغاز ہو ۔قبائلی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے قبائلی علاقوں کے حوالے سے بریفنگ میں اب تک اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلات سے آگاہ کیا جس پر عمران خان نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ قبائلی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے ۔بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے شوکت خانم کینسر ہسپتال کی فنڈ ریزنگ کی تقریب میں بھی شرکت کی .