وزیر ریلوے کا بدھ سے ریل گاڑیاں جزوی طورپر چلانے کا اعلان
پاکستان ریلوے نے بدھ سے جزوی طور پر ریل گاڑیاں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان ریلوے کے وزیر شیخ رشید احمد نے آج(پیر) اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدھ سے اس مہینے کی اکتیس تاریخ تک پندرہ ریل گاڑیاں چلائی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ محدود ٹرین آپریشن سخت احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے شروع کیا جارہا ہے جس کا مقصد عوام کو اپنے گھروں میں عید منانے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کے ساتھ ہی مزید ٹرینیں چلائی جائیں گی اور اس حوالے سے فیصلہ مسافروں کی طرف سے احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کی صورت میں کیا جائے گا۔