وفاقی کابینہ کا فلسطین کو انسانی بنیادوں پر طبی امداد بھیجنے کا فیصلہ
وفاقی کابینہ نے اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں فلسطینیوں کو درپیش طبی ہنگامی صورتحال کے تناظر میں فلسطین کو انسانی بنیادوں پر طبی امداد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ منگل کے روز اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وزیراعظم عمران خان نے کی۔بعد میں کابینہ کے اجلاس کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے فلسطین کے مسئلے پر روز اول سے امت مسلمہ کو قیادت فراہم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے فلسطین کے بارے میں پاکستان کی پالیسی کی بنیاد رکھی اور اب عمران خان اس کے امین ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ کو راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی تحقیقات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ بعض ہاؤسنگ سوسائٹیز کو فائدہ پہنچانے کیلئے منصوبے میں تبدیلی کی گئی۔تاہم انہوں نے کہا کہ اب تک کی تحقیقات سے یہ پتہ چلا ہے کہ کوئی وزیر یا مشیر اس میں ملوث نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ زلفی بخاری اعلیٰ اخلاقی بنیاد پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے معاون خصوصی کے عہدے سے مستعفی ہو گئے اگرچہ ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہوابازی کے وزیر غلام سرور خان کی بھی اس علاقے میں کوئی زمین نہیں ہے۔وزیر اطلاعات نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے کہا کہ حکومت انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کی غرض سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینز متعارف کرانے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ حزب اختلاف انتخابی اصلاحات میں سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کا حق دینے کے حوالے سے اپنا موقف واضح نہیں کیا ہے۔