بندوبست ہو رہا ہے کہ آئندہ سیاست کے لبادے میں کوئی ملک دشمنی نہ کرے۔مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمہاری فسطائیت ، ملک دشمنی اور ملک پر حملہ آور ہونے کا بندوبست کیا جا رہا ہے، بندوبست ہو رہا ہے کہ آئندہ سیاست کے لبادے میں کوئی ملک دشمنی نہ کرے، ریاست پر حملہ آور نہ ہو، بندوبست ہو رہا ہے کہ آئندہ شہدا ء اور غازیوں کی یادگاروں کی کوئی بے حرمتی نہ کر سکے ۔جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تم نے لوگوں کی بیٹیوں کے گھروں پر حملے کرائے، تم نے لوگوں کی بیٹیوں کو والدین کے سامنے گرفتار کیا۔ لوگوں کی بہنوں کو گھسیٹا لیکن پھر بھی کوئی تمہاری طرح اس ملک پر حملہ آور نہیں ہو،ا سیاست کا لبادہ اوڑھ کر تم نے ملک اور عوام کو سزا دی ۔نہ ملکی معیشت کو چھوڑا، نہ عوام کے روزگار کو چھوڑا، نہ عوام کی روٹی کو چھوڑا ، بندوبست ہو رہا ہے تاکہ پاکستان کی تاریخ میں آئیندہ کوئی یہ کوشش نہ کر سکے جو تم نے کی ، بندوبست ہو رہا ہے کہ آئیندہ کسی کو یہ ملک دشمنی کرنے کی جرات نہ ہو۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کا ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہنا تھا کہ موجودہ فسطائی بندوبست کی جانب سے ہماری جمہوریت، ہماری عدلیہ، ہمارے آئین اور قانون کی حکمرانی کو مکمل طور پر ایک مذاق بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔ ہمارے دیگر قائدین کیطرح، شیریں مزاری کو ضمانت ملنے کے باوجود پھر سے گرفتار کرکے ایک دوسری جیل میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ہمارے کم و بیش ساڑھے سات ہزار (7500) کارکنان گرفتار کئے جا چکے ہیں جن میں بیشتر کو قانون کے مطابق عدالتوں میں پیش نہیں کیا گیا۔ ایسے میں جب میں آپ سے مخاطب ہوں، گھروں میں(غیرقانونی طور پر)دھاوا بولا جارہا ہے، ان میں توڑ پھوڑ کی جارہی ہے اور (بغیر کسی لحاظ کے)مرد و خواتین کو اٹھایا جارہا ہے۔ ایس میں جب ہمارا ملک معاشی اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے لحاظ سے زوال کی تہہ میں اتر چکا ہے، ہم مزید گہرائیوں کو چھو رہے ہیں۔ اور یہ سب پاکستان تحریک انصاف کو آئندہ حکومت بنانے سے روکنے کیلئے کیا جارہا ہے۔