کال سینٹر میں میٹرک طالبعلم کی پراسرار موت
کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں کال سینٹر میں گزشتہ رات فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ والد محمود علی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔ کال سینٹر میں میٹرک کاطالبعلم پر اسرار گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ سولہ سالہ عبداللہ میٹرک کی تعلیم کے ساتھ لیاقت آباد کے کال سینٹر میں پارٹ ٹائم ملازمت کرتا تھا۔عبداللہ کی لاش دیکھ کر کال سینٹر کی ملازمہ نے دیگر افراد کو اطلاع کی۔ واقعہ قتل ہے یا خود کشی، پولیس تاحال نتیجے پر نہیں پہنچ سکی ہے۔خاتون ملازمہ کے مطابق وہ بالائی منزل پر صفائی کرنے آئی توعبداللہ کو مردہ حالت میں پایا۔مقتول کے دوست علی نے بتایا کہ عبداللہ نے میٹرک کا امتحان اس کے ساتھ دیا تھا۔مقتول کے ماموں نعیم نے بتایا ’لاش صوفے کے نیچے، پستول ٹیبل پر رکھا تھا‘۔پولیس کے مطابق لڑکے کو کسی نے مارا یہ بات کہنا قبل از وقت ہوگا۔پولیس نے نائن ایم ایم پستول اور گولی کا خول تحویل میں لے لیا۔ کال سینٹر کے مالک حارث اور دیگر دو ساتھیوں کو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا۔