وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان ترکیہ کی بھارتی جارحیت پرسفارتی،اخلاقی اور اسٹریٹجک سطح پر غیر متزلزل یکجہتی پر سپاس گزار ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو (Irfan Neziroglu) نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ترکیہ کے سفیر نذیراوغلو کا پرخلوص و پر تپاک خیر مقدم کیا۔ بھارتی جارحیت پر ترکیہ کی پاکستان کی دوٹوک حمایت پر وزیراعلی مریم نواز نے اظہار تشکر کیا۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، علاقائی امن اور ثقافتی روابط پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ پاکستان ترکیہ کی بھارتی جارحیت پر سفارتی،اخلاقی اور اسٹریٹجک سطح پر غیرمتزلزل یکجہتی پر سپاس گزار ہے۔صدررجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ”ہم اچھے اور برے وقت میں پاکستان کے ساتھ ہیں“دلوں میں نقش ہو چکا ہے۔ سب پاکستانی ترکیہ کے بہن بھائیوں کے لیے دلی محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔ ترکیہ کی بھارتی جارحیت پر حالیہ غیر مشروط حمایت پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ صرف اتحادی نہیں بلکہ ایمان، ثقافت اور تاریخ میں جُڑے ہوئے بھائی ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور مشترکہ اقدار کی درخشاں علامت ہیں۔اناطولیہ ڈپلومیسی فورم کے وزٹ کے دوران حکومت ترکیہ اور خاتون اول کی مہمان نوازی پر بے حد مشکور ہوں - پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تجارت میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔تجارت کو مزید تقویت دینے کے لیے ترکیہ کے ساتھ اشتراک کار بڑھائیں گے۔ مریم نواز نے کہاکہ7ویں ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے دوران 24 معاہدوں پر دستخط خوش آئند ہیں۔ پنجاب ترکیہ کے ساتھ دوستی کو معاشی تحریک میں بدلنے کے لیے مکمل طورپرتیارہے۔پنجاب کے پاس برآمدات کی بے مثال صلاحیت، سرمایہ کار دوست،انفرااسٹرکچراور دیگر بہترین مواقع موجود ہیں۔ ترکی اور پاکستان کی مذہبی و ثقافتی ہم آہنگی نمایاں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک ترکیہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔ پاک ترکیہ باہمی رشتہ وقت کی آزمائشوں میں کندن ہو کر مزید مضبوطی اور کامیابیوں کی نوید دے رہا ہے۔
مریم نواز سے ترکیہ کے سفیر کی ملاقات، بھارتی جارحیت پر پاکستان کی حمایت پر اظہار تشکر
May 18, 2025 | 18:10