وزارت داخلہ کی ہدایت پراسلام آباد میں کل سے شروع ہونے والی ڈی ایٹ کانفرنس اور بائیس نومبر کو سربراہی اجلاس کیلئے سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے
وفاقی پولیس نے ڈی ایٹ کانفرنس اور بعد میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے لیے خصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دیتے ہوئے ہر ملک کے سربراہ کی سکیورٹی کی نگرانی کے لیے ایس پی رینک کے افسرکو نامزد کیا ہے جو سیکورٹی پر مامور دستے کی سربراہی کرے گا ۔ حساس مقامات اور پارلیمنٹ ہاوس کے باہر پولیس کمانڈوز کو تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ خفیہ کیمروں کی مدد سے بھی نگرانی کی جائے گی۔اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں،پبلک مقامات اور کچی آبادیوں میں سرچ آپریشن پہلے سے ہی جاری ہے۔اسلام آباد پولیس کے علاوہ رینجرزاور ایف سی کو بھی تعینات کیا گیا ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت کے داخلی راستوں پرگاڑیوں کو تربیت یافتہ سراغ رساں کتوں کی مدد سے چیک کرنےکی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔