وزیراعظم عمران خان آج فیصل آباد کا دورہ کریں گے
وزیراعظم عمران خان آج فیصل آباد کا دورہ کریں گے جہاں ٹیکسٹائل انڈسٹری سمیت مینوفیکچرز،ایکسپورٹرز کے لئے اہم اعلان متوقع ہیں۔ ترجمان کےمطابق وزیر اعظم کا فیصل آباد کا مختصردورہ ہوگا جس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں،وزیر اعظم عمران خان آج دوپہر بارہ بجے کے قریب فیصل آباد پہنچیں گے،وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور چیف سیکریٹری وزیراعظم عمران خان کا استقبال کریں گے،وزیر اعظم عمران خان فیصل آباد میں بزنس کمیونٹی سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان ٹیکسٹائل مینوفیکچررز اور ایکسپورٹر سے بھی ملاقات کریں گے جس میں ٹیکسٹائل انڈسٹری سمیت مینوفیکچرز،ایکسپورٹرز کے لئے اہم اعلان متوقع ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم بزنس کمیونٹی کی جانب سے منعقد تقریب میں بھی شریک ہوں گے اور فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی مراعات دینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرے گی،وزیر اعظم صنعتی یونٹس کوسستی بجلی اور دیگر مراعات پر عملدرآمد پر بات کریں گے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ دورہ فیصل آباد میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وفاقی وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہونگے جبکہ وزیراعظم عمران خان کلب روڈ پر پرائیویٹ ہوٹل میں مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے، وزیراعظم رحمت العالمین کانفرنس،اسم خطاطی کی تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان چیمبر آف کامرس کے نمائندوں سے بھی خطاب کریں گے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ دورہ فیصل آباد کے دوران وزیر اعظم عمران خان آج فیصل آباد میں لنگرخانہ کا افتتاح بھی کریں گے جبکہ وزیر اعظم عمران خان فیصل آباد میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے، اس کے علاوہ دورہ فیصل آباد میں وزیر اعظم فیصل آباد کے ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنماوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی فیصل آباد آمد کے موقع پر ضلعی انتظامیہ نے سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا اور وزیراعظم عمران خان کی آمد پر تمام سرکاری اداروں کی ذمہ داریاں لگا دی گئیں ہیں،تمام سرکاری اداروں کے افسران کو مختلف ذمہ داریاں دی گئی ہیں،وزیراعظم کا ہیلی کاپٹر بوہڑانوالی گراؤنڈ میں لینڈ کرے گا جہاں سے چند قدم کے فاصلے پر ہی پرائیویٹ ہوٹل میں تمام پروگرام ہوں گے۔