نوازشریف کو ڈر ہے مجھے دوبارہ اقتدار ملا تو احتساب پھر شروع ہو جائے گا: عمران خان

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کا بھی اعلان ہو جائے حقیقی آزادی کی تحریک چلتی رہے گی، میرے خلاف کوئی کرپشن کیسزنہیں مجھے کوئی خطرہ نہیں، نوازشریف ڈرا ہوا ہے اگرعمران دوبارہ آ گیا تو احتساب پھر شروع ہو جائے گا،پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی لانگ مارچ کے چکوال، گوجر خان، خیبر، بونیر میں شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب حقیقی طور پر آزاد ہونے کا وقت آ گیا ہے، کسی سپرپاورنہیں ملک کے منتخب نمائندوں کو فیصلے کرنے چاہئیں، اگر بھارت روس سے سستا تیل خرید سکتا ہے تو ہمیں بھی خریدنا چاہیے، اس لیے تیل نہیں لیتے کہیں کوئی سپر پاورناراض نہ ہو جائے یہ غلامی ہے، آزاد قومیں اپنے مفاد کودیکھ کرفیصلہ کرتی ہے، آج میں ایک باشعورقوم دیکھ رہا ہوں، جہاں انصاف ہو وہاں کوئی طاقتور ظلم نہیں کر سکتا، قوم سمجھ گئی ہے حقیقی آزادی کیا ہے، انصاف ہوگا تو کہیں رشوت نہیں مانگی جائے گی، انصاف ہوتا ہے تو خوشحالی آتی ہے، حقیقی آزادی کا مقصد لوگوں کوانصاف دے کرآزاد کرنا ہے۔