عمران خان کے حالیہ یوٹرن کو ویلکم کرتے ہیں، نہ کل کوئی امریکی سازش تھی نہ آج ہے، بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کے حالیہ یوٹرن کو ہم ویلکم کرتے ہیں، نہ کل کوئی ا مریکی سازش تھی اور نہ آج ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پہلے بھی کہا تھا کہ کچھ یوٹرن اچھے ہوتے ہیں، آرمی چیف کی تعیناتی میں وزیرخارجہ کا کوئی کردار نہیں ہے۔
انہوں ںے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ میں مشکل دور سے گزر کر آئے ہیں، خارجہ پالیسی سے متعلق ہمیں چیلنجز کا سامنا تھا، پاکستان دنیا بھر سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے، وزیرخارجہ کا عہدہ سنبھالا تو پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات پر کام کیا، ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، دہشت گردی، معاشی ، سیاسی اور دیگر متعلقہ امور پر چینی قیادت سے بات چیت ہوئی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، امریکہ مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے پاکستان کا دیرینہ شراکت دار ہے، ہماری تمام تر ترجیحات پاکستان کا مفاد ہے، پانچ ماہ سے ہماری خارجہ پالیسی کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں، پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر یقین رکھتا ہے، چین نے مشکل مالی حالات میں ہماری مدد کی، سی پیک منصوبے سمیت تمام امور پر مثبت بات ہوئی۔