کار حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت : کم عمر ملزم افنان 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈیفنس میں ٹریفک حادثے کے دوران چھ افراد کی ہلاکت کے ملزم افنان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ٹریفک حادثے کے دوران 6 افراد کی ہلاکت کیس کی سماعت ہوئی، انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عںہر گل خان نے سماعت کی. کم عمرڈرائیورافنان شفقت کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا ، پولیس نے ملزم افنان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم نے 6افراد کو گاڑی کے نیچے کچل کر ہلاک کر دیا ہے، مقدمے میں دھشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ ملزم افنان کا ڈرائیونگ لائسنس نہیں بنا ہوا۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ واقعہ میں چھ افراد جاں بحق ہوٸے اس کی تفتیش ضروری ہے لہذا جسمانی ریمانڈ دیا جائے جبکہ ملزم کی وکیل نے بتایا کہ افنان کی عمر سترہ سال ہے بارویں جماعت کا طالب علم ہے۔ وکیل کا کہنا تھا کہ چھ افراد کی جان گئی اس کا دکھ ہے مگر یہ قتل نہیں حادثہ ہے ، مقدمہ میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات غلط لگائی گئیں ۔کم عمر ملزم کا جسمانی ریمانڈ نہ دیا جائے۔ عدالت نے کم عمر ڈرائیور افنان شفقت کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوٸے 23 نومبر کو ملزم کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا، عدالت نے ریمارکس دیے کہ چھ افراد کی جان گئی ہے، تفتیش ضروری ہے۔