پارلیمنت آمریت کے خلاف ڈھال ہے، جمہوری قوتوں کی مکمل فتح تک جنگ جاری رہے گی: آصف زرداری
سابق صدر آصف علی زرداری نے سانحہ کارساز کے شہدا کی برسی پر اپنے بیان میں کہا کہ سانحہ کارساز اور جمہوریت کے شہدا کے مشن کو آگے بڑھاتے رہیںگے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی اور آمریت کے خاتمہ کیلئے اپنے عزم پر قائم رہیں گے۔ سابق صدر کا مزید کہنا تھا کہ جب ادارے اور افراد آئینی اختیارات سے تجاوز کرنے لگ جائیں تو آمریت سر اٹھاتی ہے، لہٰذا ایسے عناصر سے خبردار رہنا ہو گا جو چور دروازے سے آمریت کی ذہنیت رکھتے ہیں۔ شریک چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آمریت کے خلاف پارلیمان ہماری ڈھال ہے جسے مضبوط اور مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔ پیپلز پارٹی کسی کو پارلیمان کی حیثیت میں کمی کی اجازت نہیں دے گی۔ سانحہ کارساز نے جمہوری قوتوں، عسکریت اور انتہاء پسندوں کے درمیان صف بندی واضح کی اور یہ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک جمہوری قوتوں کو مکمل فتح نہیں مل جاتی۔ آصف زرداری نے عوام سے اپیل کی کہ دہشتگردی کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو اپنی دعاﺅں میں یاد رکھیں۔