سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف خطے میں تعمیر و ترقی کے ہیرو ہیں۔

آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف خطے میں تعمیر و ترقی کے ہیرو ہیں۔ اُن کی کاوشوں سے جلد نیلم و جہلم ہائیڈل پاور پراجیکٹ جو کہ تاریخ کا سنہری منصوبہ ہے کی تکمیل ہو گی۔ سال 2018ء کے اوائل میں ہی اس پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائیگی اور مجموعی طور پر 969میگاواٹ بجلی پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ سالانہ50بلین ریونیو حاصل ہو گا، جس سے معیشت کو نہ صرف ترقی ملے گی بلکہ بے روزگاری کے خاتمے کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں خوشحالی آئے گی۔ سپیکر نے کہا کہ ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ میرپور سے مانسہرہ موٹر وے براستہ مظفرآباد میگا پراجیکٹ کی بھی منظوری ہو چُکی ہے جس پر264بلین روپے لاگت آئے گی۔ موٹر وے کے 122 پُل بھی تعمیر ہونگے جس سے مسافت میں مزید کمی واقع ہو گی۔ شاہ غلام قادر سپیکر اسمبلی نے کہا کہ پاک چین دوستی سے خطے میں تعمیر و ترقی کے جدید دور کا آغاز ہو رہا ہے جس کا سہرا میاں محمد نواز شریف کے سر جاتا ہے۔