پاکستان کے دشمن ایک ایک کرکے انجام کو پہنچنے لگے،خودکش دھماکوں میں ملوث کالعدم جماعت الاحرار کے امیر عمر خالد خراسانی کے ڈرون حملے میں مارے جانے کی اطلاع
امریکی افواج نے افغان صوبہ پکتیا اور خوست میں دہشت گردوں کو ڈرون اورجیٹ طیاروں سے نشانہ بنایا جس کے نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔ اور کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کے امیرعمرخالد خراسانی کی ہلاکت کی متضاد اطلاعات گردش کر رہی ہیں۔ مہمند ایجنسی کا رہائشی عمرخالد خراسانی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم کارکن تھا جو فاٹا میں آپریشن کے باعث افغانستان روپوش ہو گیا۔ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد ٹی ٹی پی کمزور ہوئی تو عمرخراسانی نے جماعت الاحرار کے نام سے اپنی علیحدہ جماعت بنا لی۔ جماعت الاحرار کے بھارتی ایجنسی را، افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس اور داعش سے روابط ہیں اور یہ تنظیم پاکستان میں متعدد خودکش دھماکوں میں ملوث ہے۔ دوسری جانب اطلاعات کے مطابق امریکی ڈرون حملے میں دہشت گرد عمرمنصور بھی اپنے دیگر ساتھیوں سمیت مارا گیا ہے۔ دہشت گرد عمرمنصور سانحہ آرمی پبلک سکول کا ماسٹرمائنڈ تھا۔ کالعدم تنظیم نے بھی عمرمنصور کے مارے جانے کی تصدیق کردی ہے۔