لاہورمیں بلیو وہیل گیم کا خطرناک ٹاسک بے نقاب ہو گیا،ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے بلیو وہیل کھیلنے والے 4 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا
بلیو وہیل گیم نے پاکستان میں پنجے گاڑھنے شروع کر دیئے۔ لاہور میں گیم کھیلنے والے نوجوانوں نے کھیل ہی کھیل میں ایک لڑکے کو موت کے دہانے پر پہنچا دیا۔ جسے ایف آئی اے نے بروقت کارروائی سے بازیاب کرا لیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم سید شاہد کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کو ایک روز قبل انٹرپول کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ بلیو وہیل گیم کھیلنے والے نوجوانوں نے ٹاسک کے تحت ایک لڑکے کو اغوا کیا ہے اور اس کی تصویر بھی شیئر کی گئی ہے۔ ایف آئی اے نے انہیں ٹریس کر کے گلشن راوی اور جوہر ٹاون میں کارروائی کی۔ جوہر ٹاون سے چودہ سالہ سلیمان کو حراست میں لیا گیا جو اپنی والدہ نوشین کے موبائل فون پر یہ گیم کھیل رہا تھا۔ جبکہ اس کے علاوہ مزید تین نوجوانوں کو بھی ٹریس کر کے حراست میں لیا گیا۔ ایک نوجوان حسنین کو ہاتھ پاوں باندھ کر کار کی ڈگی میں رکھا گیا تھا،،اسے بروقت ریسکیو کیا گیا ۔ نوجوانوں کے ساتھ ان کے والدین سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ بلیو وہیل گیم دنیا بھر میں سینکڑوں افراد کی جان لے چکی ہے ۔ مختلف ممالک میں اس گیم کے مضر اثرات کے باعث پابندی عائد کی جا چکی ہے