سرفراز احمد کی ٹیسٹ اور ٹی 20 کی کپتانی سے چھٹی
سری لنکا کی بے بی ٹیم سے اپنے ہوم گراؤنڈ میں ٹی 20 سیریز میں کلین سوئپ ہونا وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو لے ڈوبا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) نے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کی ٹیسٹ اور ٹی 20 کی کپتانی سے چھٹی کر دی ۔ حکام پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کے مطابق سرفراز احمد کو دونوں فارمیٹ میں ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کپتانی سے ہٹایا گیا۔مڈل آرڈر بلے باز اظہر علی کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا جبکہ بابر اعظم قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر کر دیے گئے ہیں۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ اظہر علی کو دورہ آسٹریلیا کے دوران صرف 2 ٹیسٹ میچز کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ بابر اعظم کو ایک سال کے لیے ٹی 20 ورلڈ کپ 2020 تک کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کےلیے قومی اسکواڈ کا اعلان 21 اکتوبر کو کیا جائے گا جبکہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے نائب کپتانوں کا اعلان جلد کر دیا جائے گا جبکہ ایک روزہ کپتان کا اعلان بعد ازاں کیا جائے گا۔