چھٹیاں لیں اورکشمیر جائیں،بھارتی حکومت کا سرکاری ملازمین کو لالچ
مقبوضہ کشمیر میں انتظامیہ نے ایک اشتہار جاری کیا ہے جس میں مرکزی حکومت کے ملازمین کو چھٹی کی سفری رعایت(ایل ٹی سی)کا فائدہ اٹھاکر کشمیر میں چھٹیاں گزارنے کو کہا گیا ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں حکومت کے محکمہ سیاحت کے ذریعہ جاری کردہ اشتہار میں کہا گیا ہے کہ "مرکزی حکومت کے ملازمین ستمبر 2020 تک ایل ٹی سی الاونس اسکیم کے تحت جموں و کشمیر جاسکتے ہیں۔جنت آپ کی منتظر ہے۔10 اکتوبر کو ، جموں و کشمیر کی انتظامیہ نے 2 اگست کوجاری کردہ حکمنامہ واپس لے لیا تھاجس میں سیاحوں کو دہشت گردی کے حملے کے واقعات کے باعث وادی چھوڑنے کی تلقین کی گئی تھی۔ 5اگست کو وزیر داخلہ امت شاہ نے آرٹیکل 370 کے تحت ریاست جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے لئے راجیہ سبھا میں دو بل پیش کیے تھے جس کے تحت ریاست کو جموں و کشمیر اور لداخ کے دو مرکزی علاقوں میں تقسیم کر دیا گیا تھا۔