امن کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، مقابلے کیلئے ہر دم تیار ہیں: ایئرچیف مارشل ظہیراحمدبابرسدھو
ایئرچیف مارشل ظہیراحمدبابرسدھو نے کہا ہے کہ امن کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے ہر دم تیار ہیں۔تفصیلات کے مطابق رسالپور پی اے ایف اکیڈمی میں پاسنگ آوٹ پریڈ ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابرسدھو تھے، 145 جی ڈی پائلٹس کے ساتھ انجینئرنگ،ائیرڈیفنس سمیت مختلف کورسززکیکیڈٹس نے اپنی تربیت مکمل کی ، بہترین کارکردگی پرکیڈٹس کواعزازی شمشیر اورٹرافیاں دی گئیں۔اس موقع پر ایئرچیف مارشل ظہیراحمدبابرسدھو نے پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے گریجویٹ ہونیوالے تمام کیڈٹس سمیت سعودی کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا امید ہے پاس آٹ کیڈٹس پاک فضائیہ کی شاندار روایات کو آگے لیکر چلیں گے۔ایئر چیف کا کہنا تھا کہ کیڈٹس خود کو جدید رجحانات سے آگاہ کرنے کیلئے سخت محنت کریں۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور ہمسائیوں سے اچھے تعلقات چاہتاہے لیکن امن کی ہماری خوہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے ہر دم تیار ہیں۔ مجھے افواج پاکستان پر فخر ہے کہ وہ پیشہ ورانہ طور پر انتہائی قابل و تربیت یافتہ ہیں اور اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، ہمارے بہادر جنگجو ہوابازوں نے ہمیشہ مشکل حالات میں اعلی بہادری کا مظاہرہ کیا اور قائد کے پاک فضائیہ کے متعلق فرمان ہمارا کوئی ہمسر نہیں کی عملی مثال بن کر دکھایا ہے۔ سربراہ پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن تصفیے کے بغیر خطے میں امن ناگزیر ہے۔ ہم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ اقوام عالم کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس سے اپنے خطاب میں سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ یاد رکھئے آج پاک فضائیہ میں بطور افسران آپ کے سفر کا آغاز ہوا ہے۔ آپکی پاک فضائیہ جیسے عظیم ادارے میں تربیت اس بات کی غماز ہونی چاہیے کہ آپ محنت و لگن سے اپنا کام جاری رکھیں گے اور جدید فضائی جنگی حکمت عملی میں پاک فضائیہ کے کردار کو تقویت دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ آپ کو اپنے پیشروں کے نقش قدم پر چلنا ہے جنہوں نے ہر قسم کے کٹھن حالات میں پاک فضائیہ کے پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھا۔