پیوٹن نے غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی بمباری کو ’بڑی تباہی‘ قرار دے دیا

ولادیمیر پیوٹن نے اپنے بیان میں کہا کہ اسپتال پر بمباری سے درجنوں ہلاکتیں ہوئیں جو ظاہر کرتی ہیں کہ مذاکرات کے ذریعے معاملے کو ختم کیا جانا چاہیے۔ پیوٹن نے کہا کہ اسپتال پر ہونے والی بمباری بہت تکلیف دہ منظر ہے، سینکڑوں ہلاکتیں اور درجنوں زخمی ایک بڑی تباہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پُرامید ہوں کہ یہ جنگ کو جلد از جلد ختم کرنے کا اشارہ ہوگا، اس کے برعکس ہمیں مذاکرات اور رابطوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار روسی صدر اپنے چینی ہم منصب شی جی پنگ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب غزہ کے اسپتال پر ہونے والی اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 500 فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔ اسرائیل نے اس کا الزام بھی جہادی تنظیم پر ڈال دیا۔ روس کے ایران، حماس اور دیگر عرب ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں جبکہ یہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بھی حمایت کرتا ہے جسے امریکا اور مغربی ممالک نے نظر انداز کر رکھا ہے۔