فضائیہ کے ایئربیس پر حملے کے دوران دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں پاک فوج کے کیپٹن اسفند یار اور3 ٹیکنیشنز بھی شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق بڈھ بیر ائیربیس پر حملے کے بعد دہشگردوں سے مقابلے میں شہید ہونیوالے کیپٹن اسفند یار فرنٹ لائن پر پاک فوج کے دستوں کی قیادت کررہے تھے۔ کیپٹن اسفند یار چودہ اگست انیس سواٹھاسی کو پیدا ہوئے،شہید کیپٹن اسفند یارکا تعلق گیارہ ایف ایف رجمنٹ سے تھا۔ کیپٹن اسفند یار نے پی ایم اے کا کول میں اعزازی شمشیر حاصل کی تھی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کیپٹن اسفند یار کا شمار پاک فوج کے بہترین افسروں میں ہوتا تھا۔ کیپٹن اسفند یار کی شادی چند ماہ قبل ہی ہوئی تھی۔ ایئربیس پر حملے میں فضائیہ کے تین جونیئرٹیکنیشنزشان علی ،طارق عباس اورثاقب جاوید بھی شہید ہوئے۔ جونیئر ٹیکنیشنز شان اور طارق نے پانچ دہشتگردوں کوہلاک کیا۔