بیگم کلثوم نواز کی کامیابی عوام کا مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے والہانہ محبت کا اظہار
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ این اے ایک سو بیس کے ضمنی الیکشن میں بیگم کلثوم نواز کی کامیابی عوام کا مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے والہانہ محبت کا اظہار ہے، ضمنی الیکشن کے نتائج نے پھر ثابت کیا ہے کہ عوام خدمت کی سیاست کرنے والوں کے ساتھ ہیں، جھوٹ ،الزام تراشی اورذاتی مفادات کی سیاست کرنے والوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، ضمنی الیکشن کے نتائج نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام احتجاجی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں، دشنام طرازی اور جھوٹ کی سیاست کو عوام نے ووٹ کی طاقت سے رد کر دیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چار سال بعد بھی پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک کی مقبول ترین جماعت ہے، ہم نے ہمیشہ عوام کی بے لوث خدمت کی، ضمنی الیکشن کے نتائج نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ عوام موجودہ حکومت کی پالیسیوں کا تسلسل چاہتے ہیں، عوام نے ایک بار پھر فیصلہ دیا ہے کہ ملک میں منفی اور انتشار کی سیاست کی کوئی جگہ نہیں، مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کا سفر پہلے سے زیادہ عزم کے ساتھ جاری رکھے گی۔