اعجاز شاہ نے چیمبر آف کامرس میں پاسپورٹ آفس کے ڈیسک کا افتتاح کر دیا

وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے لاہور چیمبر آف کامرس میں پاسپورٹ آفس کے ڈیسک کا افتتاح کردیا،پاسپورٹ ڈیسک لاہور چیمبر کے ارکان کی سہولت کے لئے قائم کیا گیا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس میں پاسپورٹ آفس کے ڈیسک کے افتتاح کےموقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اپنے وقت کا60 فیصد معیشت پر صرف کرتے ہیں،وزیر اعظم سے جب بھی پوچھیں وہ کہتے ہیں کہ معاشی ٹیم اندر بیٹھی ہے،معیشت جس حال میں اس حکومت کو ملی سب کے سامنے ہے،معیشت پر دباؤ ہے اور پھر کورونا بھی آ گیا،مسئلے صرف دو ہیں کہ لوگ انکم ٹیکس دیں اور دوسرا کہ ٹیکس لینا والا بھی اچھا ہو،ٹیکس کی وصولی ایک اہم کام ہے،بیرونی سرمایہ کار کو اعتماد تب ملے گا جب مقامی سرمایہ کاری ہو،اگر مقامی سرمایہ کار اپنا سرمایہ باہر لے جائے گا تو بیرونی سرمایہ کار کیوں آئے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امن و امان سرمایہ کاری کے لئے بہت ضروری ہے،درآمدات اور برآمدات میں عدم توازن روپے پر پریشر اور مہنگائی کا باعث بنتا ہے،سہولتیں بھی لیں لیکن ساتھ ملک میں سرمایہ کاری بھی کریں،ملائشیا، ڈھاکہ نہ جائیں اپنے ملک میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے کورونا کے خلاف بہترین حکمت عملی اختیار کی،وزیراعظم نے کہا احتیاط بھی کرینگے لیکن لوگوں کو بھوک سے بھی نہیں مرنے دیں گے،اب ہم این 95 ماسک باہر بھیج رہے ہیں، میں نے دو بھائی کورونا کے ہاتھوں کھو دئیے،ملک میں پانچ سو وینٹی لیٹر تھے اب چار سے پانچ ہزار موجود ہیں۔