گجر پورہ موٹر وے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد علی ملہی چھلاوا بن گیا
گجر پورہ موٹر وے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد علی ملہی چھلاوا بن گیا، شیخوپورہ اور قصورکے بعد ایک بار پھر ننکانہ پولیس کو بھی چکمہ دے کر فرار ہوگیا۔ پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام،ملزم کی سالی کشور بی بی کا پولیس کے اعلیٰ حکام سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق گجر پورہ موٹر وے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد علی ملہی جمعرات کے روز سہ پہر چار بجے پرانا ننکانہ میں اپنی سالی کشور بی بی سے ملنے کے لیے آیا تھا۔ملزم عابد علی رائے بلارپارک میں اپنی سالی کشور بی بی سے اپنی بیوی بشریٰ بی بی کے متعلق پوچھ رہاتھا کہ اہل محلہ نے 15 پر کال کر کے پولیس کو ملزم عابد علی کی موجودگی کی اطلاع دی توحسب روایت پولیس25 منٹ کی تاخیر سے پہنچی عینی شاہدین کا کہناہے کہ ایس ایچ او تھانہ سٹی ننکانہ صاحب عبدالخالق صرف تین پولیس اہلکاروں کے ہمراہ جب وہاں پہنچاتو کالر نے ایس ایچ او تھانہ سٹی ننکانہ صاحب کو بتایا کہ یہ عابد علی ہے کالر کی آواز سنتے ہی ملزم عابد علی پولیس کے ہاتھوں سے نکل گیا حالانکہ پولیس او ر ملزم کا درمیانی فاصلہ صرف دس فٹ کا تھا جبکہ تھانہ سٹی اور رائے بلار بھٹی پارک کا درمیانی راستہ صرف پانچ منٹ کا ہے بعدازاں پولیس نے ملزم عابد علی کی سالی کشور بی بی اسکے دو سالوں اور کالر کو حراست میں لے کر مزید پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا ملزم عابد علی کی سالی کشور بی بی کا کہنا ہے کہ ملزم عابد علی میری شادی شدہ بہن بشریٰ بی بی جوچار بچوں کا ماں ہے کو اغوا کر کے لے گیا تھا اور ہمارا مخالف ہے اب ہمیں ملزم سے اپنی جان کا خطرہ ہے اس لیے پولیس ہمیں سیکیورٹی فراہم کر ے ڈی پی او اسماعیل الرحمٰن کھاڑک کی ہدائت پر پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے رائے بلار پارک سے ملحقہ دھولر والے قبرستان کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شرو ع کردیا اور کھوجیوں کی مدد سے عابد ملہی کو تلاش کرتی رہی لیکن تاحال پولیس ملزم عابد علی کو پکڑنے میں ناکام ہے جبکہ پولیس کامؤقف حاصل کرنے کے لیے بار بار کوشش کے باوجود اعلیٰ پولیس حکام سے رابطہ نہ ہوسکا۔