حکومت نے عالمی وبا میں یہ تاریخی سہولت فراہم کرکے کسی قسم کا سیاسی فائدہ حاصل نہیں کیا:وزیرمملکت

پارلیمانی امور کے بارے میں وزیر مملکت علی محمد خان نےکہا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت پاکستان نے کورونا وائرس کے پھیلائو پر قابوپالیا ہے۔ سینٹ میں وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا نے عالمی وبا پر قابو پانے کےلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کورونا وائرس پر قابو پانے کی کوششوں کے دوران ڈاکٹروں اور طبی عملے کی خدمات کو سراہا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت لیبارٹریوں کے معیار کو برقرار رکھنے کےلئے تمام ممکنہ کوششیں کررہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احساس ہنگامی نقد رقوم پروگرام کے ذریعے ایک کروڑ چالیس لاکھ افراد کی مالی امداد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عالمی وبا میں یہ تاریخی سہولت فراہم کرکے کسی قسم کا سیاسی فائدہ حاصل نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ رقوم کی تقسیم کسی قسم کی سیاسی جانبداری کے بغیر کی گئیں۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ایوان کو بتایا کہ وزیراعظم نے طلبہ کو پیغمبر پاک حضرت محمدﷺ کی حیات طیبہ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مختلف سرکاری جامعات میں نو میں سے تین سیرت چیئرز قائم کی گئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مواصلات مراد سعید نے بتایا کہ لاہور عبدالحکیم موٹروے پر دوسروسز ایریا تعمیر کئے گئے ہیں۔ ایوان نے اپنی تعزیتی قرار داد میں مرحوم سابق سینیٹر آفتاب احمد شیخ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ قرار داد میں ملک میں جمہوریت کے استحکام کےلئے آفتا ب احمد شیخ کی خدمات اورکردار کو سراہا گیا۔ ایوان کاا جلاس غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی کردیاگیا ہے۔