پاکستان،تاجکستان کا دوطرفہ تعلقات میں بہتری لانے پر اتفاق
دونوں ملکوں کے درمیان تدویراتی شراکت داری کے قیام کے بارے میں مشترکہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور صدر امام علی رحمان نے دوشنبے میں ملاقات کے دوران کہاکہ اس اقدام سے دونوں ملکوں کے درمیان طویل مدتی تعلقات کیلئے پائیدار بنیاد فراہم ہوگی۔فریقین نے دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے مفید سیاسی، تجارتی، معاشی ،سائنسی ،تکنیکی اور ثقافتی تعاون پراطمینان کااظہارکیا۔انہوں نے معاشی اور تجارتی تعاون میں اضافہ کی اہمیت اورسرمایہ کاری اور تجارتی ماحول بہتر بنانے کی ضرورت پرزوردیا۔انہوں نے بجلی کی ترسیل کے منصوبے کاسا۔1000کی بروقت تکمیل کے عزم کا بھی اعادہ کیا اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تعاون بڑھانے پرآمادگی ظاہرکی۔انہوں نے خصوصاً تاجکستان سے کراچی اورگوادربندرگاہ تک ریلوے لائن بچھانے اورسڑکوں کی تعمیر کی اہمیت کاذکرکیا اورتاجکستان کو علاقائی ٹرانسپورٹ منصوبوں سے منسلک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں رہنمائوں نے تاجکستان اور پاکستان کے درمیان سیکیورٹی اوردفاع کے شعبوں میں تعاون میں بہتری پراطمینان کااظہارکیا۔