سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کر رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات کے بعد گفتگو
لندن: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بھرپورمدد کر رہے ہیں، حکومت ان کی بحالی کے لیے کام کر رہی ہے، بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرین میں رقوم کی تقسیم جاری ہے، پاک فوج بھی سیلاب متاثرین کی بحالی میں مصروف ہے، دوست ممالک بھی مدد فراہم کر رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے یہ بات اپنے بڑے بھائی اور ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان اور صوبائی حکومتیں اپنے فرائض کی ادائیگی میں مصروف ہیں، پاکستانی عوام بھی سیلاب متاثرین کے لیے عطیات فراہم کر رہے ہیں۔قبل ازیں میاں شہباز شریف اپنے بڑے بھائی میاں نواز شریف سے ملاقات کے لیے پہنچے تو سابق وزیراعظم نے ان کا استقبال کیا۔