اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ضمنی ریفرنس کی سماعت 25 اپریل تک ملتوی کردی گئی

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ضمنی ریفرنس پر سماعت جج محمد بشیر نے کی۔ صدر نیشنل بینک سمیت تینوں ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ نیشنل بینک کے صدر سعید احمد خان کے وکیل کی جانب سے التوا کی استدعا کی گئی۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسحاق ڈار کے شریک ملزم کے وکیل حشمت حبیب بیمار اور ہسپتال میں داخل ہیں۔ گواہوں کے بیانات آئندہ سماعت پر ریکارڈ کیے جائیں۔ جج محمد بشیر نےاستفسار کیا کہ کیا حشمت حبیب کو پہلے سے شوگر ہے۔ وکیل نے آگاہ کیا کہ
ان کی شوگر پانچ سو سے زیادہ ہو چکی ہے ۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت پچیس اپریل تک ملتوی کر دی۔