پاکستان علاقائی امن کیلئے بھارت کی نئی منتخب حکومت سے بات چیت کیلئے تیارہے،وزیرخارجہ
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ پاکستان علاقائی امن کے لئے بھارت کی نئی منتخب حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیارہے۔ ملتان میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ علاقائی امن کیلئے تعمیری کردارادا کرنے کے لئے تیار رہاہے اوراس نے اس سلسلے میں متعدداقدامات کئے ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان نے کرتارپورراہداری کھولی اور غیرمشروط طورپربھارتی پائلٹ کو بھی رہاکیا۔ دہشت گردی سے متعلق ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ بعض عناصرتخریبی سرگرمیوں کے ذریعے ملک کو غیرمستحکم کرناچاہتے ہیں لیکن ہم ان کے مذموم عزائم ناکام بنادیں گے۔