اعجاز شاہ کو داخلہ کا قلمدان ملنا باعثِ حیرت ہے۔ مرتضی وہاب
مشیر اطلاعات وقانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب کا وفاقی کابینہ میں تبدیلی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گھوم پھر کر مشرف دور کے چہروں کو لایا جارہا ہے، فواد چوہدری کی زہر اگلتی زبان اب کس طرف انگارے برسائے گی۔جمعرات کو اپنے ایک بیان میں مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ اعجاز شاہ کو وزارت داخلہ کا قلمدان ملنا حیرت کا باعث ہے، محترمہ بینظیر بھٹو نے اعجاز شاہ کو اپنی زندگی کیلئے خطرہ قرار دیا تھا۔صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ اعجاز شاہ کے حالیہ بیانات ملکی سلامتی کے لیے تشویش کا باعث ہیں، کپتان صاحب ملکی سلامتی کی فکر کریں، یہ وکٹیں پہلے ہی آوٹ تھیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس سیاسی شعور کا فقدان ہے، معاشی سوجھ بوجھ کیلئے پختہ سیاسی وژن کی ضرورت ہوتی ہے جو اتفاق سے تحریک انصاف کے پاس نہیں ہے۔مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ پارٹیاں بدلنے والے عمران خان کی آنکھ کا تارا ہیں، معیشت سنبھالنا تحریک انصاف کے بس کی بات نہیں، وفاقی کابینہ میں ردوبدل کرنے سے کچھ نہیں ہوگا، یہ مکمل طور پر سیاسی شعور سے ناواقف ہیں۔