انفارمیشن ٹیکنالوجی سماجی و اقتصادی ترقی اور غربت کے خاتمے کیلئے انتہائی اہم ہے،صدر
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تحقیق ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی اور غربت کے خاتمے کے لئے ناگزیر ہے۔ اسلام آباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے بارے میں وزیراعظم کی ٹاسک فورس کی بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی استعداد کار اور اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے اور اسے قومی ترجیح قرار دیا ہے۔صدر نے کہا کہ چوتھا صنعتی انقلاب ہمارے طرز زندگی اور کام کے انداز میں تبدیلی لا رہا ہے۔انہوں نے نئی ٹیکنالوجی کو اچھائی پھیلانے کا مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے نئی ٹیکنالوجی کے تقاضے پورے کرنے کے لئے نئے نظریات اور اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر نے ٹاسک فورس کو اس کی ذمہ داری پوری کرنے میں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔