پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔آج ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے سینئر وزیر اور بین الاقوامی نمائش 2020ء کے کمشنر جنرل نہیان بن مبارک النہیان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ دہائیوں پرانے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے اپنی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سال اکتوبر میں دبئی میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائش میں بھر پور شرکت کریگا۔متحدہ عرب امارات کے سینئر وزیر نے بڑھتے دوطرفہ تعلقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لئے اپنے مکمل تعاون کا عندیہ دیا۔