روسی صدر اور فلسطینی ہم منصب کا ٹیلی فونک رابطہ
روسی صدر ولادی میرپوتین نے فلسطینی ہم منصب محمود عباس سے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ اوراس کے خاتمے کے لیے مذاکرات کے بارے میں ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔کریملن نے پیر کے روز بتایا کہ دونوں لیڈروں نے اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں مشرق اوسط کے دیرینہ مسئلے کے سیاسی تصفیے کے بارے میں بھی گفتگو کی ہے۔ اسرائیلی بلوہ پولیس نے گذشتہ جمعہ کو مسجد اقصیٰ کے احاطے میں دھاوا بول دیا تھا۔اس کے ساتھ جھڑپوں میں 152 فلسطینی زخمی ہوئے تھے۔اس کے بعد سے مسجد اقصیٰ اور مقبوضہ بیت المقدس میں مسلسل کشیدگی پائی جارہی ہے اور اس خدشے کا اظہار کیا جارہا ہے کہ اس مقدس مقام میں ایک مرتبہ پھرفلسطینیوں اور اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے درمیان پُرتشدد واقعات کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔