شمالی وزیرستان میں فورسز کی کارروائی، دہشت گرد ہلاک
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں جھڑپ ہوئی، شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد فرید احمد مارا گیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا، ہلاک دہشت گرد فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائی میں ملوث تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی افراد کی طرف دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی مکمل حمایت کی گئی، مقامی افراد نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل تعاون کا اظہار کیا۔کچھ روز قبل شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے فوجی قافلے پر حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے سات جوان شہید ہوگئے تھے۔دہشت گردوں نے فوجی قافلے پر حملہ ایشام کے علاقے میں کیا۔ سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا تھا۔