پیرس میں کشمیری راہنما زاہد ہاشمی کی کال پر پاکستانی ، کشمیری اور سکھ کمیونٹی نے بھارت کے خلاف یوم سیاہ منایا

پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے) پیرس میں ایفل ٹاور چوک میں گزشتہ روز کشمیری راہنما زاہد ہاشمی کی کال ہر پاکستانی ، کشمیری اور سکھ کمیونٹی نے بھارت کے خلاف ایک مظاہرہ کیا۔ شرکاء مظاہرہ کا کہنا تھا کہ دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کئے ہوئے ہے۔ اپنے ہی وطن میں کشمیری قیدیوں سے بدتر زندگی گزارنے ہر مجبور ہیں۔ انڈیا نے مقبوضہ کشمیر کو ایک قید خانہ بنا دیا ہے۔ مظاہرین نے انڈیا کے خلاف اور کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ قابض انڈین فوج مقبوضہ کشمیر سے نکل جائے اور اقوام متحدہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے تاکہ وہ انڈین تسلط سے آزادی حاصل کرسکیں۔ کشمیر کی آزادی ہی سے خطے میں امن قائم ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی ترقی اور سلامتی کیلئے صوفی غلام حسین نے دعا کروائی۔ مظاہرے میں تمام مکتبہ فکر کے لوگوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔