حلف اس لیے لے رہے ہیں کہ جمہوریت کی گاڑی چلتے دیکھنا چاہتے ہیں، حمزہ شہباز
پنجاب اسمبلی کے باہر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہبازشریف کا کہنا ہے کہ جمہوریت ہی کامیابی کی منزل ہے۔ تیسری بارپرُامن عام انتخابات ہوئے،پرُامن اقتدارمنتقلی ہوئی۔ جمہوریت کےلیے ہی جیلیں کاٹی ہیں جلاوطنیاں دیکھی ہیں۔ حلف اس لیےلےرہےہیں کہ جمہوریت کی گاڑی چلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ حمزہ شہباز نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ انکا کہنا تھا کہ مطالبہ کرتے ہیں انتخابات کی دھاندلی کی تحقیقات کی جائیں۔ الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیشن بننا چاہیے اور انکوائری ہونی چاہیے۔ ہمارے پاس ثبوت ہیں نوے فیصدفارم پینتالیس پر دستخط ہی نہیں ہوئے۔ یہ ایسے انتخابات ہیں جن میں جیت کا شور دب گیا، ہر طرف دھاندلی کےنعرے ہیں۔ کبھی کبھار جیت اتنی داغدار ہوجاتی ہے کہ ہار لگنے لگتی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ہمارے قائد نوازشریف کو جیل بھیج دیا گیا یہ کیسا میچ تھا کہ ایک کیپٹن آزاد اور دوسرا پابند سلاسل تھا۔ نوازشریف کےخلاف فیصلےمیں لکھا گیا کہ کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ حمزہ شہاز نے مزید کہا کہ ماضی کی طرح ہارس ٹریڈنگ کی روایت دہرائی گئی۔ عمران خان صاف شفاف حکمرانی کا نعرہ لگاتے تھے۔ انتخاب سے قبل دھاندلی ہوئی ہمارے ساتھیوں کو توڑا گیا۔