نوجوت سنگھ سدھو کی پاکستان میں ملاقاتوں پر بھارتی میڈیا نے ہنگامہ کھڑا کردیا
اسلام آباد: سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کی وزیراعظم پاکستان کی تقریب حلف برداری میں سربراہ پاک فوج جنرل قمرجاوید باجوہ سے مصافحہ صدر آزاد کشمیر کی برابر والی نشست پر بیٹھے جانے پر بھارتی میڈیا نے واویلا شروع کردیا۔نوجوت سنگھ سدھو وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر پاکستان آئے جس پر بھارتی انتہا پسندوں نے ان کے خلاف نیا محاذ کھول دیا اور اب بھارتی میڈیا کی جانب سے بھی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی مہمان نوجوت سنگھ سدھو سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی جس کے بعد سدھو سربراہ پاک فوج سے 2 مرتبہ گرم جوشی سے گلے بھی ملے۔بھارتی میڈیا سدھو کے آرمی چیف سے معانقے پر ہنگامہ کھڑا کرتے ہوئے انہیں غدار قرار دے رہا ہے جب کہ انتہا پسندوں کی جانب سے سدھو کے پتلے جلا کر احتجاج کیا گیا جس پر وہاں کے میڈیا نے اسے نمایاں کوریج بھی دی۔