سدھو نے بھارت میں ہونے والی تنقید مسترد کردی
سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے خود پر بھارت میں ہونے والی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بہت عزت ملی۔
وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے بھارت کے سابق کرکٹر اورسیاستدان نوجوت سنگھ سدھو لاہور پہنچ گئے جہاں سے وہ واہگہ بارڈر کے ذریعے واپس اپنے ملک چلے جائیں گے۔ پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید اور عبدالحمید پوٹھی نے انہیں رخصت کیا۔ لاہور میں سدھو نے سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی اور دونوں کے درمیان پاک بھارت تعلقات پر بات چیت ہوئی۔
نوجوت سنگھ سدھو تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے خصوصی طور پر پاکستان آئے تھے اور دوروز قیام کے بعد آج بھارت کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔ اسلام آباد سے روانہ ہوتے وقت نوجوت سنگھ سدھو نے بھارت میں ہونے والی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا پاکستان میں بہت عزت ملی، عمران خان پُرامن تعلقات چاہتے ہیں، بھارت بھی قدم بڑھائے۔