عثمان بزدار کو انتخابی عمل کے دوران 186 اراکین کی حمایت حاصل رہی

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عثمان احمد بزدار پنجاب کے نئے وزیرِاعلیٰ منتخب ہوگئے۔نومنتخب اسپیکر صوبائی اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژن کے ذریعے وزیرِاعلیٰ کا انتخاب کیا گیا۔اسپیکر صوبائی اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی کے عثمان بزدار کے حامیوں کو دائیں جانب کی لابی میں جانے کی ہدایت کی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حمزہ شہباز کے حامیوں کو بائیں جانب لابی میں جانے کی ہدایت کی۔
اس طرح عثمان بزدار کے حق میں دائیں جانب کی لابی میں جانے والے اراکین کی تعداد 186 جبکہ حمزہ شہباز کے حق میں 159 اراکین بائیں جانب کی لابی میں گئے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 186 ووٹ حاصل کرکے عثمان بزدار صوبے کے نئے وزیرِاعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں۔