امریکا میں طوفانی بارش کے دوران بجلی گرنے کا خطرناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص زخمی ہونے سے بال بال بچ گیا۔
یہ واقعہ امریکی ریاست جنوبی کیرولینا میں پیش آیا جب ایک شخص چھتری لیے سڑک سے گزر رہا تھا کہ اچانک تیز بجلی کڑکی اور اس پر آگری۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اچانک بجلی گرنے پر رومولو میکنیل نامی شخص خوفزدہ ہوگیا اور اس کے ہاتھ سے چھتری گرگئی لیکن وہ زخمی ہونے سے محفوظ رہا۔ کیرولینا میں گذشتہ روز سے تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث نظام زندگی بھی جزوی طور پر متاثر ہے، البتہ ریسکیو عملہ ہائی الرٹ ہے۔ خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں امریکا کی جنوبی ریاستوں ٹیکساس، آرکناس، لوزینا اور جارجیا میں بارشوں نے سیلابی صورت حال اختیار کرلی تھی۔