حکومت پاکستان کوایک سماجی فلاحی ریاست بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے:ثانیہ نشتر
غربت کے خاتمے اورسماجی تحفظ کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹرثانیہ نشتر نے کہاہے کہ حکومت پاکستان کوایک سماجی فلاحی ریاست بنانے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ پاکستان ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ غربت کے خاتمے کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں اور حکومت معاشرے کے پسماندہ اورنادارطبقے کے تحفظ اور اُن کے بنیادی حقوق یقینی بنانے پرتوجہ مرکوزکررہی ہے۔ڈاکٹرثانیہ نشتر نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے دور حکومت کے پہلے سال میں غربت میں کمی اور لوگوں کے لئے روزگارکے مواقع کی فراہمی کے قلیل مدتی اہداف پرتوجہ دی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں خواتین کوبااختیاربنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں اوراگلے چارسال کے لئے مقرر کردہ اہداف کے حصول کے لئے متعلقہ پالیسی کوجلدحتمی شکل دی جائے گی۔