متحدہ اپوزیشن کی اے پی سی آج ہوگی، شہباز اور بلا ول کی شرکت سے معذرت
اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی ) آج اسلام آباد میں ہوگی، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی 11 بجے ہو گی ،مولانا فضل الرحمان اے پی سی کی صدارت کریں گے ،اے پی سی کے ایجنڈے میں مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال سر فہرست ہے جبکہ اے پی سی میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی اور آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔جبکہ اے پی سی میں چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کی وجوہات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کمر کی تکلیف بڑھ جانے کے باعث آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے ، ن لیگ کی جانب سے پارٹی کے سینئر قائدین پر مشتمل وفد اے پی سی میں شرکت کرے گا جس میں خواجہ آصف، احسن اقبال اور ایاز صادق شامل ہوں گے۔ دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اپوزیشن کی اے پی سی میں شریک نہیں ہوں گے،بلاول کے دورہ گلگت بلتستان کی وجہ سے پیپلزپارٹی کے وفد کی قیادت یوسف رضا گیلانی کریں گے جبکہ دیگر ارکان میں نیئربخاری، شیری رحمان اور فرحت اللہ بابر شامل ہیں۔