حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیاہے: فردوس عاشق اعوان
اطلاعات کے بارے میں وزیراعظم کی معاو ن خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیاہے۔آج صبح ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت نے کفایت شعاری کے اقدامات اورصنعت کاری کے ذریعے سرمایہ حاصل کرنے پرتوجہ مرکوز کر رکھی ہے۔انہوں نے کہاکہ صنعتوں کے فروغ سے عوام کی معاشی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔احتساب کے حوالے سے معاون خصوصی نے کہاکہ قومی احتساب بیورو نے گزشتہ ایک سال کے دوران بدعنوان عناصر سے تیس ارب روپے وصول کئے ہیں۔ایک سوال پرفردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ہروزارت کی کارکردگی جانچنے کے لئے ایک لائحہ عمل وضع کیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ ہروزارت وزیراعظم اور عوام کے سامنے اپنی کارکردگی پیش کریگی۔