بھارتی مظالم کشمیریوں کو جدوجہد آزادی سے نہیں روک سکتے، اسد قیصر
صوابی: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد میں عالمی اور علاقائی فورمز پر ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے صوابی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم اور جارحیت سے کشمیری عوام حق خودارادیت کے لیے اپنی جدوجہد ترک نہیں کریں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد میں عالمی اور علاقائی فورمز پر ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے اپنے اتحادیوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے بروقت اقدامات بھارتی حکومت کے غیر آئینی اور غیرقانونی اقدام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اجاگر کرنے سے مسئلہ کشمیر مرکز نگاہ بن گیا ہے۔ یاد رہے کہ پانچ اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کردیا تھا۔ راجیہ سبھا میں بل کے حق میں 125 جبکہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے، بھارت نے 6 اگست کو لوک سبھا سے بھی دونوں بل بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرالیے تھے۔